عامر خان نے رجنی کانت اور اکشے کی درخواست رد کردی

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار عامر خان نے لیجنڈری اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’2.0‘ کے لیے اپنی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی ریلیز کی تاریخ بڑھانے سے انکار کردیا۔

رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ بھارت کی میگا بجٹ فلم ہے جس میں دونوں اداکاروں کے کئی روپ دیکھنے کو ملیں گے۔

میگا بجٹ فلم کی نمائش کا اعلان رواں سال اپریل میں کیا گیا تھا لیکن ایک بار پھر ناگزیر وجوہات کی بناء پر فلم کی نمائش ٹل گئی ہے۔

فلم ’2.0‘ کے فلم ساز نمائش دیوالی کے موقع پر کرنا چاہتے ہیں لیکن اس دوران باکس آفس پر ان کا مقابلہ عامر خان سے متوقع ہے جس کے باعث انہوں نے فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی نمائش کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم کے لیے عامر خان نے اپنی فلم کی نمائش کی تاریخ آگے بڑھانے سے انکار کردیا ہے تاہم اس کے باوجود فلم ’2.0‘ کے فلمساز یش راج فلمز سے ان کی فلم کی نمائش کی تاریخ کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں عامر خان کے مدمقابل امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ نے فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان 2 سال قبل ہی کردیا تھا۔

عامر خان کے انکار کے بعد دونوں فلموں کی ایک ساتھ ریلیز سے باکس آفس پر رواں سال کے سب سے بڑے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے لیکن تاحال فلم ’2.0‘ کی ریلیز کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے۔

مزید خبریں :