27 فروری ، 2018
کراچی: شارع فیصل پر گذشتہ ہفتے کی شب کھلے عام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم عدنان پاشا کو گرفتار کر لیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ سمیع اللہ نے بتایا کہ عدنان پاشا کو گلستان جوہر سے گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی سمیع اللہ کے مطابق ملزم کو ذیشان سعید نامی شخص کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عدنان پاشا کے خلاف مقدمہ ذیشان سعید کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کو نوجوان عدنان پاشا نے کراچی کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں سرعام فائرنگ کی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔
نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کیا تھا۔
اس کے بعد عدنان نے دوسری ویڈیو اَپ لوڈ کی تھی، جس میں اُس نے کہا کہ اس نے یہ حرکت غصے میں کی، اسے اپنے والد کی موت کا غصہ ہے جسے اس کے مطابق ذیشان نامی شخص نے مروایا۔
ویڈیو میں ملزم عدنان سعید نے کئی بار ذیشان سعید نامی شہری کا نام لے کر اسے دھمکایا تھا جس کے بعد ذیشان سعید نے شارع فیصل پولیس کو اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا دیا تھا۔
ذیشان کا کہنا تھا کہ اس کی پہلے ملزم عدنان سے دوستی تھی لیکن اب تعلقات خراب ہیں۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان رینٹ اے کار کا کام کرتا ہے۔
واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ نے حکم دیا تھا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔