09 مارچ ، 2018
کراچی پولیس کے لیے3 سال تک دردِ سر بنے رہنے والے افغان ڈکیت گروپ کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی، گروہ کا سرغنہ یکم مارچ تک کراچی میں ہی تھا مگر ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد افغانستان فرار ہو گیا۔
کراچی کے پوش علاقوں میں لوٹ مار کا بازار گرم رکھنے والے افغان ڈکیت گروپ کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کر لی ہے۔
افغان ڈاکوؤں نے گلشن جمال میں یکم مارچ کو ڈکیتی کی تھی، ملزمان گاڑی اور موٹرسائیکلوں پرسوار گھر میں واردات کے لیے پہنچے تھے۔
ملزمان علی الصبح پہنچے اور چند منٹ میں واردات کرکے فرار ہوگئے، اس واقعے کی سی سی ٹی وی وڈیو کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گروپ کا افغان سرغنہ بھی شامل ہے۔
افغان سرغنہ کا نام حمید اللہ ہے جو افغانستان میں ٹاؤن ناظم ہے، فوٹیج میں داڑھی میں نظر آنے والا ڈاکو حمید اللہ ہے، جسے گرفتار ساتھیوں نے شناخت کر لیا ہے۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس پی کلفٹن توقیر نعیم نے بتایا کہ یکم مارچ کو ناظم آباد میں مقابلے کے بعد جن دو ڈاکوؤں کو پکڑا گیا تھا انھوں نے حمید اللہ کو شناخت کرلیا ہے تاہم اطلاعات کےمطابق حمید اللہ افغانستان فرار ہوچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت ڈاکوؤں کے ایک گروہ سے مقابلہ ہوا تھا اسی وقت دوسرا گروہ گلشن جمال میں واردات میں مصروف تھا اور جس گھر میں ڈکیتی کی گئی اس میں دو گھرانے رہائش پزیر تھے۔
توقیر نعیم کے مطابق واردات میں ملزمان نے گھر سے 50 سے60 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، قیمتی سامان اور نقد رقم لوٹی تھی۔