دنیا
Time 15 مارچ ، 2018

امریکا نے روس کی خفیہ ایجنسی سمیت 5 اداروں اور 19 شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن: امریکا نے صدارتی انتخاب میں مداخلت اور سائبر حملوں کا الزام عائد کرکے روس کی خفیہ ایجنسی سمیت 5 اداروں اور 19 شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے 19 روسی شخصیات اور پانچ اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں جن میں روس کی انٹیلی جنس سروسز بھی شامل ہیں۔

امریکی سیکریٹری خزانہ اسٹیو موچن نے کہا کہ روسی حکومت کی امریکا کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں کی پاداش میں مزید پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔

امریکی سیکریٹری خزانہ نے روسی شخصیات اور اداروں پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا کوئی ٹائم فریم نہیں بتایا البتہ انہوں نے کہا کہ ان پابندیوں کے بعد روسی شخصیات اور اداروں کا امریکی مالیاتی نظام سے رابطہ منقطع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو روس کی جانب سے سائبر حملوں کا سامنا ہے اور روس نے نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھی مداخلت کی کوشش کی تھی۔

یاد رہے کہ 8 نومبر 2016 کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کرکے پوری دنیا کو حیران کردیا تھا۔ ان کے مدمقابل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار سابق امریکی وزیر خارجہ اور خاتون اول ہیلری کلنٹن تھیں جنہیں فیورٹ قرار دیا جارہا تھا تاہم وہ الیکشن ہار گئی تھیں۔

الیکشن کے بعد روس پر انتخاب میں مداخلت کا الزام عائد کیا جانے لگا اور امریکی خفیہ ایجنسیاں بھی اس کی تائید کرتی ہیں تاہم روس ہمیشہ اس الزام سے انکار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اسے ایسا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

مزید خبریں :