پاکستان میں بھی سام سنگ ایس 9 اور ایس 9 پلس اسمارٹ فونز متعارف

لاہور:جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فونز ماڈلز ایس 9 اور ایس 9 پلس پاکستان میں بھی متعارف کروا دیئے گئے۔

اس حوالے سے ایک تقریب لاہور میں منعقد کی گئی جس میں سام سنگ پاکستان کے صدر وائے جے کم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان میں سام سنگ کے نئے ماڈلز متعارف کیے گئے اور اس میں شامل  نئے فیچرز کی خصوصیات کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔

کمپنی کے ایک عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فون میں سلو مو موڈ (slow mo mode) ہے جو 960 فریم فی سیکنڈ ہے، جس کی مدد سے ویڈیو کو سلو موشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں اس سلو مو موڈ کو ریورس اور لوپ میں بھی چلایا جاسکتا ہے، یہ خصوصیت کسی اور موبائل فون میں نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس میں ہیلتھ انڈیکیٹرز اور ترجمے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

سام سنگ فونز کے نئے ماڈلز لیونڈر اور پرپل رنگوں میں دستیاب ہیں۔

سام سنگ گلیکسی ایس 9

سام سنگ گلیکسی ایس 9 نہایت دیدہ زیب اسمارٹ فون ہے جس میں 5.8 انچ کی اسکرین دی گئی ہے جب کہ اس میں اینڈرائیڈ کا جدید ترین اوریو آپریٹنگ سسٹم ڈالا گیا ہے۔

ایس 9 میں کیمرے کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، خاص طور پر اندھیرے میں اچھی تصویر لینے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ایس 9 میں پیچھے کی جانب موجود فنگر پرنٹ کو اسکین کرنے والا سینسر بھی کیمرے کے نیچے دیا گیا ہے جو اس سے قبل کیمرے کے برابر میں تھا۔

اس فون میں ایس 8 کی طرح خم دار کونے (curved corners) دیے گئے ہیں، اس کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسل رکھا گیا ہے اور فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسل ہے۔

اس کی عمومی قیمت 720 ڈالرز یعنی تقریباً (79 ہزار 826 روپے) رکھی گئی ہے البتہ مختلف ممالک میں قیمتیں مختلف ہوسکتی ہیں۔

سام سنگ گلیکسی ایس 9 پلس

سام سنگ گلیکسی ایس 9 پلس کو اب تک کا جدید ترین فون قرار دیا جارہا ہے جس کی اسکرین کا سائز 6.2 انچ ہے جب کہ فرنٹ اور بیک پر مضموط شیشے کا کور دیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایس 9 اور ایس نائن پلس کی بیٹری پہلے سے بہتر ہے جب کہ ایس نائن پلس میں پہلی بار فون کی پشت پر ایک کے بجائے دو کیمرے شامل کیے گئے ہیں۔

ایس نائن کی طرح ایس نائن پلس میں بھی فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسل اور بیک کیمرہ 12 میگا پسکل رکھا گیا ہے۔

ایس 9 پلس کی قیمت 840 ڈالر یعنی تقریباً (93 ہزار 130 روپے) رکھی گئی ہے۔

مزید خبریں :