پاکستان

پی ٹی آئی نے اعظم سواتی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور گرو پ کے اجلاس میں اعظم سواتی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں اعظم سواتی کو اپوزیشن لیڈر کیلئے اعتماد حاصل کرنے کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

اعظم سواتی — فوٹو : فائل

اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملک گیر رکن سازی مہم کو بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پارٹی 29 اپریل سے عام انتخابات کیلئے مہم شروع کرے گی جس کا آغاز ایک ریلی کے ساتھ لاہور سے ہوگا۔

کور گروپ کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین، شیریں مزاری اور دیگر نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی جماعت کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد تھا اور نہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کا سمجھوتا بلوچستان کے ساتھ تھا، اگر چیئرمین سینیٹ ن لیگ کا منتخب ہوجاتا تو پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نقصان پہنچتا۔

خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بلوچستان سے تقل رکھنے والے صادق سنجرانی کامیاب ہوئے تھے۔ اپوزیشن اتحاد کے صادق سنجرانی کو تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل تھی اور ان کے مقابلے میں ن لیگ کے راجا ظفر الحق تھے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا کامیاب ہوگئے تھے اور اب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں پھر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے شیری رحمان کا نام پیش کیا ہے جس پر پی ٹی آئی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اب پی ٹی آئی کی جانب سے اعظم سواتی کو نامزد کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :