پاکستان

پی ایس ایل کا میلہ پاکستان پہنچ گیا، کوئٹہ اور پشاور آج قذافی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے


پاکستان کے شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا اور بالآخر پاکستان سپر لیگ کا میلہ پاکستان پہنچ گیا، لاہور کا تاریخی قذافی اسٹیڈیم پی ایس ایل تھری کے پہلے ایلیمنیٹر میچ کی میزبانی کیلئے تیار ہے جہاں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کا ٹکراؤ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کے سپر میچ دیکھنے کو پورا ملک بےقرارہے، زندہ دلانِ لاہور کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں، ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آمنے سامنے دیکھنے کے لیے وقت گزارنا مشکل ہوگیا۔

پشاور اور کوئٹہ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، جیتنے والی ٹیم کراچی کنگز کے خلاف کوالیفائر میچ کھیلے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

پاکستان کا دل لاہور پی ایس ایل تھری کے دو سنسنی خیز میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے جبکہ سپر لیگ کے سپر میچز کے لیے کراچی سے خیبر تک کرکٹ کے دیوانے بے قرار ہیں، بس اب دیکھنا یہ ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں کون کس کے چھکے اڑائے گا، کیا زلمی کے کامران اکمل پھر سنچری سے ستم ڈھائیں گے یا کوئٹہ کے رائلی روسو بولنگ لائن کی دھجیاں اڑائیں گے۔

پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی



کھلاڑیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل

ایئرپورٹ سے ہوٹل اور پھر اسٹیڈیم تک کے راستے مہمانوں کو خوش آمدید،جی آیا نوں اور بھلی کری آیا کہنے کو سج سنور گئے ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب اور کمشنر لاہور نے بھی اسٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ قذافی اسٹیڈیم سے مال روڈ کے نجی ہوٹل تک دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔

اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم کے اطراف کھلاڑیوں کے بڑے بڑے ہورڈنگز نے شائقین کا لہو گرما دیا ہے۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا حتمی جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا رنگ جمے گا، شائقین کو تمام سہولتیں دیں گے، صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ارزاں قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔

شائقین کیلئے لبرٹی اور یونیورسٹی گراؤنڈ سمیت 4 پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں جہاں سےفری شٹل سروس چلےگی، اسٹیڈیم کے اردگرد 3 کلومیٹر کی حدود میں تعلیمی ادارے دن 11 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ میٹرو بس کے چند ایک اسٹیشنز بھی بند رہیں گے۔

سیکیورٹی کےحوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں مانیٹرینگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی افسران نے ڈریسنگ رومز اور شائقین کے انٹری پوائنٹس کا دورہ بھی کیا۔

غیر ملکی کمنٹیٹرز لاہور پہنچ گئے

پی ایس ایل تھری کے پاکستان میں ہونے والے میچز میں فرائض انجام دینے کے لیے پاکستانی و غیرملکی کمنٹیٹرز لاہور پہنچ گئے۔

ایلیمنیٹر میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے علاوہ ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 24 مارچ کو پاکستان پہنچے گی جس کے غیرملکی کھلاڑیوں میں جے پی ڈومنی، لیوک رونچی، سمت پٹیل، اسٹیون فن، آندرے رسلز اور چیڈوک والٹن شامل ہیں جب کہ سیم بلنگز اور الیکس ہیلز نہ آنے والوں میں شامل ہیں۔

پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :