آشیانہ ہاؤسنگ کیس: احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع، پاسپورٹ کیلئے بلیک لسٹ

لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 اپریل تک توسیع کردی جب کہ وزارت داخلہ نے احد چیمہ کو پاسپورٹ کیلئے بلیک لسٹ کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی لاہور ڈیولیپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ اور شاہد شفیق کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جہاں انہیں پولیس کی سخت سیکیورٹی میں لایاگیا۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم احد چیمہ نےآشیانہ ہاؤسنگ اسیکم میں ہیرا پھیری کی، اپنے خاندان کے افراد کو نوازا اور اپنے دور میں اختیارات سے تجاوز کیا جب کہ ملزم نے دوران حراست 49 کنال اراضی کا خود اقبال جرم بھی کیا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے بہت بڑا مواد ملا ہے جس کی بنا پر مزید تفتیش درکار ہے۔

سرکاری وکیل کے دلائل کے بعد نیب کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے احد چیمہ سمیت تمام 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کرتے ہوئے انہیں 4 اپریل تک نیب کے حوالے کردیا۔

احد چیمہ پاسپورٹ کیلئے بلیک لسٹ قرار

دوسری جانب وزارت داخلہ نے احد چیمہ کو آئندہ پاسپورٹ حاصل کرنےکے لیے بلیک لسٹ کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے 7 دیگر شہریوں کو بھی آئندہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے بلیک لسٹ کردیا۔

احد چیمہ کے نام مزید 49 کنال اراضی کا انکشاف

نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے نام مزید 49 کنال اراضی کا انکشاف ہوا ہے، اراضی موضع تیڈھا میں ہے جو نجی ہاؤسنگ سٹی کے قریب واقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اراضی کیلئے 16 کروڑ روپے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اکاؤنٹ سےٹرانسفر کیے گئے، ملکیت سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو منتقل کی گئی۔

نیب ذرائع کے مطابق ای میلز کے تجزیے سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزمان نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے شریک مالک تھے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ایل ڈی اے کی تھی جسے ایل ڈی  اے نے ہی ڈویلپ کرنا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کی ملی بھگت سے ہاؤسنگ سوسائٹی کو جعلی مالک علی مراد کے نام منتقل کیاگیا، ملزمان کی باقاعدہ پلاننگ کے تحت ایل ڈی اے ایسوسی ایشن نے اسے ٹیک اوور کرلیا۔

پرائیویٹ کنٹرکٹر کے ذریعے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر 5 کروڑ روپے خرچ کرائے گئے، 5 کروڑ روپے کی رقم ایل ڈی اے کے کنٹریکٹر کے ذریعے ہی خرچ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق منصوبےمیں مرکزی ملزم احدچیمہ کے ساتھ ندیم ضیاء، اسرار سعید اور دیگر بھی شامل رہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے 5 مرلہ کے سیکڑوں پلاٹ فروخت کے لیے ڈویلپ کیے، نیب نے احد چیمہ کےنجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 1/3 فیصد حصہ داری کے شواہد حاصل کرلیے۔

احدچیمہ کے حصے کی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہوسکتی ہے جبکہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ کی فرانزک رپورٹ آنے پر مزید انکشافات کی توقع ہے۔

احد چیمہ کی گرفتاری

نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا۔

مزید خبریں :