Time 21 مارچ ، 2018
دنیا

پاکستان کو دہشتگرد گروپوں کے خلاف اب بھی 'بہت کچھ' کرنے کی ضرورت ہے، امریکا

 ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہیدر نوئرٹ—۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف درست سمت میں کچھ مثبت اقدامات کیے ہیں، لیکن اسے اب بھی 'بہت کچھ' کرنےکی ضرورت ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ 'گذشتہ سال پاکستان کی امداد کو دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات سے مشروط کیا گیا تھا'۔

انہوں نے بتایا کہ 'پچھلے ہفتے نائب صدر  مائیک پنس سے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات ہوئی، جس کے دوران جنوبی ایشیا سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی حکمت عملی پر عمل درآمد پر بات ہوئی'۔

ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ 'اس ملاقات میں خصوصی طور پر دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات پر بات ہوئی اور نائب امریکی صدر نے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف مزید اقدامات پر زور دیا'۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے واشنگٹن میں مختلف اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

ہیدر نوئرٹ نے تسلیم کیا کہ 'افغان امن مذاکرات میں طالبان کی شرکت سے متعلق پاکستان کا کلیدی کردار ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان کو مدد کرنا ہوگی'۔

پاک-امریکا تعلقات میں تناؤ

ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں  دیا ہے جب رواں برس یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :