22 مارچ ، 2018
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کچ موڑ پر سیکیورٹی فورسز نے ایک خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی جیسے ہی کچ موڑ پر واقع چیک پوسٹ سے باہر نکلی تو ایک خودکش حملہ آور نے 2، 3 فائر کیے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا اور حملہ آور کے جسم سے بندھی خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور کی جیکٹ میں 8 سے 10 کلو دھماکا خیز مواد موجود تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع کو بھی سیل کردیا اور وہاں سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اکثر وبیشتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔
رواں ماہ 18 جنوری کو بھی کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے قریب زرغون روڈ پر ایک پولیس ٹرک کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جب کہ 17 زخمی ہوگئے تھے۔
گذشتہ برس نومبر میں بھی کوئٹہ کے سریاب روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور ایف سی اہلکاروں سمیت 26 زخمی ہوگئے تھے۔