دنیا
Time 02 اپریل ، 2018

بھارتی فوج کے ہاتھوں 17 کشمیریوں کی شہادت، مقبوضہ وادی میں ہڑتال


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی سفاکانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 17 کشمیریوں کی شہادت اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کے بعد حریت قیادت کی کال پر وادی میں آج بھی مکمل ہڑتال ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور شوپیاں میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں 17 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

جبکہ احتجاج کے لیے باہر نکلنے والوں پر گولیاں اور پیلٹ گن سے فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد کشمیری زخمی ہوگئے۔

نوجوانوں کی میتیں گھروں کو پہنچنے پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، جنوبی حصے سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ پوری وادی میں پھیل گیا اور احتجاج میں شریک ہونے کے لیے مسجدوں کے لاؤڈ اسپیکرز سے باقاعدہ اعلانات کیے گئے۔

تاہم بھارتی فوج نے سرچ آپریشن پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ جنازوں میں شریک نہتے افراد پر اندھا دھند گولیاں اور پیلٹ گن سے فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد کشمیری زخمی ہوگئے۔

کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں ضلع شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج اسکول اور کالج بھی بند ہیں جبکہ امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان کی شدید مذمت

مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی دہشت گردی پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کی نوجوان نسل ختم کرنے کے در پے ہے لیکن پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی بھارتی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو

دوسری جانب کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے میڈیا سے گفتگو میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بےگناہ شہریوں پر بھارتی بربریت قابل مذمت ہے۔

علی رضا سید نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں :