پاکستان
Time 02 اپریل ، 2018

امریکا روس سرد جنگ بڑھی تو پاکستان غیر جانبدار رہے گا، خواجہ آصف


وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لگتا ہے امریکا اور روس کے درمیان پھر سرد جنگ شروع ہونے جارہی ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان سرد جنگ بڑھی تو پاکستان اس بار فریق بننے کے بجائے غیر جانبدار رہے گا۔

جیو نیو کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خدشہ ظاہر کیا کہ لگتا ہے امریکا اور روس کے درمیان سرد جنگ پھر شروع ہونے والی ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر دونوں ملکوں کے درمیان سرد جنگ بڑھی تو ہم فریق نہیں بنیں گے بلکہ غیر جانبدار رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ روس خطے کا اہم ملک ہے اور پاکستان سے صرف دو گھنٹے کی مسافت پر ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اب کسی جنگ میں کسی ملک کی طرف داری نہیں کرے گا، پاکستان نے پچھلی سرد جنگ میں امریکا کا اتحادی بن کر نقصان اٹھایا،سردجنگ کی کیفیت میں ہم غیر جانب دار رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تناؤ کی کیفیت امریکا، روس اور ان کے اتحادیوں سمیت کسی بھی ملک کے لیے مناسب نہیں ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان کافی عرصے سے سرد جنگ کی سی کیفیت ہے اور 8 نومبر 2016 کو امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد اس میں شدت آئی ہے۔

امریکی خفیہ ایجنسیاں یہ الزام عائد کرتی ہیں کہ روس نے امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کی اور ٹرمپ کو صدر منتخب کرانے میں غیر محسوس طریقے سے معاونت کی جبکہ روس اس الزام کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

اس کے بعد روس اور برطانیہ کے درمیان جاری سفارتی تنازع میں بھی امریکا کود پڑا ہے اور روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا گیا ہے۔

جواب میں روس نے بھی امریکا کے 60 سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

مزید خبریں :