کالے ہرن کے شکار کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا، جیل منتقل


ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں عدالت نے 5 سال قید کی سزا سنادی جس کے بعد انہیں جودھ پور کی سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست جودھ پور کی مقامی عدالت کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکار سلمان خان، سیف علی خان، اداکارہ تبو، نیلم اور سونالی باندرے کے خلاف کالے ہرن کے شکار سے متعلق کیس کا 28 مارچ کو محفوظ کردہ فیصلہ سنایا۔ 

اس موقع پر تمام ملزمان کمرہ عدالت میں موجود تھے جب کہ جج نے 52 سالہ اداکار سلمان خان کو نایاب 2 ہرنوں کے شکار کا مجرم قرار دیتے ہوئے 5 برس قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔

عدالت نے اداکار سیف علی خان، اداکارہ تبو، نیلم اور سونالی باندرے کو  عدم ثبوت پر بری کرنے کے احکامات جاری کیے۔

جج کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت سلمان خان کی بہنیں الویرا اور آرپیتا زار و قطار رونے لگیں جبکہ عدالت کے باہر اداکار کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔

عدالتی فیصلے کے بعد سلمان خان کو پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتار کیا جس کے بعد اسپتال سے میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں سینٹرل جیل جودھ پور کی بیرک نمبر ایک میں منتقل کردیا گیا۔

اداکار سلمان خان کو جودھ پور جیل منتقل کردیا گیا۔ فوٹو: بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

دوسری جانب سلمان خان کے وکلا کی جانب سے اعلیٰ عدالت میں درخواست ضمانت جمع کرائی گئی جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کل کے لئے مقرر کردی۔ 

سلمان خان کی جیل منتقلی پر فلمی ستاروں اور ان کے مداحوں کی جانب سے شدید مایوسی کا اظہار کیا گیا اور سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر لوگ مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

سلمان خان ان دنوں کئی میگا بجٹ فلموں اور شوز کی شوٹنگ میں مصروف تھے جن میں ریس 3، دبنگ 3 اور بھارت شامل ہیں تاہم اب خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکار کو سزا ملنے کے بعد پروڈیوسرز کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

نایاب ہرنوں کے شکار کا پس منظر

اداکار سلمان خان سمیت نامزد دیگر اداکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے 1998 میں راجھستان کے گاؤں بشنوئی میں فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے دوران 2 نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔

مقامی گاؤں کے افراد نے ہرن کے شکار پر سلمان خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور اپیل کی کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔

راجسھتان کے گاؤں بشنوئی کے لوگ کالے ہرن کی تعظیم کرتے ہیں اور انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کالے ہرن کا شکار غیرقانونی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 6 سال قید ہے۔

مزید خبریں :