Time 11 اپریل ، 2018
پاکستان

سٹی کورٹ کے مال خانے میں آتشزدگی سے اہم ریکارڈ جل گیا

آگ کی شدت کے باعث مال خانے کی چھت گر گئی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: سٹی کورٹ کے مال خانے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا ہے تاہم آتشزدگی کے باعث اہم ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا۔

سٹی کورٹ کے مال خانے میں لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا ہے تاہم کئی گھنٹوں کی آتشزدگی کے باعث مال خانے کی چھت منہدم ہو گئی ہے۔

ایس ایس پی سٹی شیزار نذیر کا کہنا ہے کہ سٹی کورٹ مال خانے میں آگ لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا ہے۔

شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ فائربریگیڈ حکام نے مال خانہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے جسے فی الحال سیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو کل صبح طلب کیا گیا ہے، بی ڈی ایس کی 3 ٹیمیں مال خانے کو کلیئر کریں گی۔

ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ مال خانے کے دروازے پر گزشتہ شام 4 بجے سے تالہ لگا ہوا ہے اور آگ رات 2 سے 3 بجے کے درمیان لگی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مال خانے کے ساتھ ہی سٹی کورٹ تھانہ واقع ہے اور مال خانے کے عملے کے مطابق تالہ لگنے کے بعد مال خانے میں کوئی نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق واقعہ تخریب کاری نہیں تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مال خانے میں آتشزدگی کے باعث ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور ایسٹ کا ریکارڈ جلا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مال خانے میں موجود ڈسٹرکٹ سینڑل، ملیر اور ویسٹ کا ڈیٹا محفوظ ہے۔

آزاد خان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ کی جیوفینسنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ کیس پراپرٹی کی چھان بین کے لیے الگ ٹیم تشکیل دی جائے گی اور کس تھانے کا کتنا ریکارڈ جلا ہے اس کے تخمینے کے لیے بھی الگ ٹیمیں ہوں گی۔

چیف فائر آفیسر کی جانب سے مال خانے میں بارودی مواد کی موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئتے سوال پر ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ بارودی مواد کی موجودگی کے باعث مال خانے کو ابھی تک کلیئر قرار نہیں دیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے معائنے کا عمل کل سے شروع ہو گا۔

مزید خبریں :