22 اپریل ، 2018
میرانشاہ: پاک فوج کے شعبہ تعلقات (عامہ آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلیوں کے مسائل یہیں رہتے ہوئے حل کرنے ہیں، ملک دشمنوں کی نذر نہیں ہونے دینا۔
یہ بات انہوں نے میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے سے ملاقات کے بعد اپنی گفتگو کے دوران کہی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے جرگہ منعقد ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں ہے جو مذاکرات سے حل نہ ہوسکے، قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کر قیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنز سے دہشت گردی ختم ہوئی، اب پہلے سے بہتر ماحول ملے گا، عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امن کو ملک دشمنوں کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت گزر گیا اور اچھا وقت سامنے ہے، امن کے ثمرات مزید مستحکم ہو رہے ہیں لہذا ہمیں ثابت قدم رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات اکٹھے جھیلی ہیں، کٹھن مشکلات کے بعد امن کی جانب بڑھے ہیں، اسی لیے آئیں متحد رہیں کیوں کہ مشکلات اور آسانیاں مشترک ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دیرپا امن کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اس سفر کے دوران بہت سی مشکلات کا سامنا رہا۔
جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے ’’پاک فوج اور پاکستان زندہ باد‘‘کے نعرے لگائے۔
جرگے میں میرانشاہ کے دکانداروں کے نقصان کی زر تلافی کا تعین کرنے کے لیے پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کی نگرانی میں دکانداروں کی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
دکانداروں نے بھی کمیٹی کے قیام اور پاک فوج کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی میں متاثرہ دکاندار بھی شامل ہوں گے۔
صدر میرانشاہ مارکیٹ محمد صدیق نے اس موقع پر کہا کہ سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق میرانشاہ اور میر علی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مقررہ مدت میں دکان داروں کے نقصان کا تخمینہ لگائیں گی۔