Time 13 مئی ، 2018
پاکستان

بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح پیش کی، ترجمان ن لیگ

شہباز شریف کے انتخابی مہم میں کردار پر نواز شریف کے بیان کو بھی غلط تشریح دی جا رہی ہے، ترجمان ن لیگ۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح پیش کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ نواز شریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے نواز شریف سے اپنا بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کے بیان سے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار مجروح ہوا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

میڈیا پر زیر گردش خبروں کے بعد کل بروز پیر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں میڈیا پر ممبئی حملوں کے حوالے سے زیر گردش گمراہ کن بیانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان ن لیگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے بیان کی غلط تشریح کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی میڈیا نے بھی بھارتی غلط تشریح کی ارادی یا غیرارادی توثیق کی۔

ن لیگ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہباز شریف پارٹی کے منتخب صدر ہیں اور ان کے انتخابی مہم میں کردار پر نواز شریف کے بیان کو بھی غلط تشریح دی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہباز شریف پارٹی کے پیغام کو ملک کے کونے کونے میں پہنچا رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق شہباز شریف کے کردار اور مستقبل کی ذمہ داریوں پر کوئی ابہام نہیں ہے۔

مزید خبریں :