17 مئی ، 2018
کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے 25 سال سے گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے والے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی اینٹی کارلفٹنگ سیل اسد رضا کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کار لفٹنگ میں انتہائی مطلوب قطب الدین مندرانی عرف حاجی پاکستانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق حاجی پاکستانی والد اور بھائی کے ساتھ کار لفٹنگ میں ملوث تھا۔
ایس ایس پی اے سی ایل سی نے بتایا کہ ملزم، اس کا باپ اور بھائی 25 سال سے کراچی میں وارداتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گروہ کراچی سے 1500 گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث ہے۔
اسد رضا نے بتایا کہ ملزم چوری کی گاڑیاں خرید کر بیچنے میں بھی ملوث ہے۔
ایس ایس پی اسد رضا نے بتایا کہ ملزم گاڑیاں ساڑھے 3 لاکھ سے ساڑھے 9 لاکھ روپے میں خریدتا اور ایک سے ڈیڑھ لاکھ منافع پر بیچ دیتا تھا۔
ایس ایس پی اے سی ایل سی نے بتایا کہ گروہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں منظم کاروبار چلا رہے تھے۔
اسد رضا نے بتایا کہ چھینی گئی گاڑیوں کو خصوصی رائیڈرز بلوچستان کے ضلع جعفر آباد پہنچاتے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جعفر آباد میں گاڑیوں کے انجن اور چیسز نمبرز تبدیل کیے جاتے ہیں۔
ایس ایس پی اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان جعلی کاغذات اور نمبر پلیٹ بنوا کر گاڑیوں کو فروخت کر دیا کرتا تھا۔