Time 25 مئی ، 2018
کھیل

لارڈز ٹیسٹ: پاکستانی بیٹسمینوں کی عمدہ پرفارمنس، 4 کھلاڑیوں کی نصف سنچریاں


لندن: بولرز کی بہترین کارکردگی کے بعد لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں نے بھی اپنی پرفارمنس سے انگلینڈ کو مشکل میں ڈال دیا۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ٹیم کا اسکور 8 وکٹوں کے نقصان پر 350 تک پہنچادیا، گرین شرٹس کو انگلینڈ پر 166 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ان فارم بیٹسمین بابر اعظم کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باوجود شاداب خان اور فہیم اشرف نے ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 50، اسد شفیق 59 اور شاداب خان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 68 رنز پر کھیل رہے تھے جب گیند ان کے بازو پر لگی اور انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

دوسرے روز کھیل ختم ہوا تو محمد عامر 19 اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود تھے۔

پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو حارث سہیل 21 اور اظہر علی 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

کھیل کے پہلے سیشن میں پاکستان کو دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ حارث سہیل کی صورت میں گری، وہ 39 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

گرین کیپس کو تیسرا نقصان 119 رنز کے مجموعے پر ہوا جب اظہر علی 50 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے تھے۔

مہمان ٹیم کو چوتھا نقصان اسد شفیق کی صورت میں ہوا جو 100 گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز کے بعد بابر اعظم بھی 68 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 318 کے مجموعی اسکور پر گری جب فہیم اشرف 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد شاداب خان 52 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

میچ پہلے روز قومی ٹیم کے بولرز چھائے رہے تھے اور میزبان ٹیم کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا تھا۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کے خلاف انگلش ٹیم اپنے کم ترین اسکور 184 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

یاد رہے کہ انگلش کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 184 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے السٹرل کک 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ جونی بیرسٹو، بین اسٹوک اور جوس بٹلر بالترتیب 27، 38 اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ 

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4،4 جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید خبریں :