25 مئی ، 2018
تین سپر ہٹ گانوں کے بعد عاطف اسلم چوتھی بار پھر سلمان خان کی آواز بن گئے اور ان کے ریس تھری کے نئے گانے کی ویڈیو ریلیز کردی گئی۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے لیکن بالی وڈ کے ’بھائی جان‘ سلمان خان کو یہ پابندی کسی صورت قبول نہیں ہے۔
سلمان خان نے پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں پر پابندی کے باوجود عاطف اسلم سے اپنی فلم ’ریس 3‘ کے لیے گیت گوایا ہے اور خاص بات یہ ہے کہ سلمان خان نے اس گیت کو خود لکھا ہے جسے عاطف اسلم اور لولیا وینتر نے اپنی آواز دی ہے۔
یہ گیت سلمان خان، بوبی دیول ، جیکولین فرنینڈس اور ڈیزی شاہ پر فلمایا گیا ہے جب کہ اس گیت کے موسیقار وشال مشرا ہیں۔
یہ گانا مقبولیت میں کتنا آگے جائیگا یہ تو جلد سب کو پتا چل جائے گا لیکن عاطف اسلم سلمان خان کے لئے پہلے بھی تین گانے گا چکے ہیں۔
سلو میاں نے اسپیشل گیت کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مداحوں کے لیے شیئر کیا ہے جسے چند ہی منٹوں میں یوٹیوب پر 11 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کی آوزیں بہت پسند ہیں اور ان کی تمام ہی فلموں میں ان دونوں میں سے کسی ایک گلوکار کی آواز ضرور شامل ہوتی ہے۔