25 مئی ، 2018
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین نجم سیٹھی نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بولرز کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر کی سربراہی میں ٹیم متحد ہے اور ٹیم میں کھلاڑیوں کا کوئی گروپ نہیں ہے۔
چئیر مین پی سی بی نے اسمارٹ گھڑیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں انڑنیشنل کرکٹ کونسل (ائی سی سی) کے اینٹی کرپشن آفیسر کو بھی معلومات نہ تھیں، البتہ بعد میں انہوں نے اس بارے میں ہمارے کھلاڑیوں سے کہا کہ اس کو استعمال نہ کیا جائے۔
قومی ٹیم کی کارکردگی پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ لڑکے ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بطور چئیر مین وہ اس کارکردگی پر بہت خوش ہیں۔
دورہ زمبابوے کے سوال پر ان کا جواب تھاکہ سب کچھ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں ٹیم پاکستان کی مصروفیات کے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فی الحال فکر کی کوئی بات نہیں ہے، ہاں ٹی 10لیگ کی تاریخوں پر ضرور معاملات طے ہونا باقی ہیں، وہ جن تاریخوں میں ٹورنامنٹ کروانا چاہتے ہیں ،ممکن ہے ہمارے کنڑیکٹ یافتہ کھلاڑی دورہ جنوبی افریقہ کے سبب وہاں کے لئے دستیاب نہ ہوں ۔