غداری کیس: وزارت داخلہ کا مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کیلئے نادراکو خط


اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا کو خط لکھ دیا۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت کررہی ہے جس نے ان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم بھی دے رکھا ہے۔

جیونیوز کےمطابق خصوصی عدالت کی ہدایت پر حکومت نے مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا کو خط لکھا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وزارت داخلہ کا خط موصول ہونے کے بعد جونہی نادرا سابق صدر  کا شناختی کارڈ بلاک کرےگا اس سے ان کا پاسپورٹ بھی از خود بلاک ہوجائے گا جس کے بعد وہ کوئی سفر بھی نہیں کرسکیں گے جب کہ ایسی صورت میں ان کا کسی بھی ملک کے لیے سفر کرنا غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نادرا کی جانب سے سابق صدر کا شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کی صورت میں پاکستان میں ان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد ہوجائیں گے اور وہ کوئی پراپرٹی بھی نہیں خرید سکیں گے۔

’خط چند ماہ قبل لکھا گیا تھا‘

دیگر ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے لیے خط چند ماہ قبل لکھا تھا۔

تاہم حکومت نے نادرا کو بھجوایا گیا خط مشرف کی وطن واپسی کی یقین دہانی پر واپس لے لیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے نادرا کو کوئی خط نہیں لکھا گیا۔

مزید خبریں :