31 مئی ، 2018
حکومت جاتے جاتے کوئی پیٹرول بم نہیں گرائے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ نگراں حکومت کرے گی۔
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری کہتے ہیں کہ حکومت اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری نہیں دے گی۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 7 جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہماری حکومت آج ختم ہو رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا فیصلہ آئندہ حکومت کرے گی۔
خیال رہے کہ اوگرا نے یکم جون سے پٹرول کی قیمت 8 روپے 37 پیسے، ڈیزل ساڑھے 12 روپے اور مٹی کا تیل 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ یکم مئی کو بھی وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔