01 جون ، 2018
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے کوئٹہ کے 8 حلقوں کی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فوری طور پر نئی حلقہ بندیوں کا حکم دے دیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے یہ حکم مختلف آئینی درخواستوں پر فیصلے سناتے ہوئے جاری کیا۔
جن حلقوں کی حلقہ بندیاں کالعدم قراردی گئی ان میں صوبائی اسمبلی کاحلقہ پی بی 24کوئٹہ ون، پی بی 25کوئٹہ ٹو، پی بی 26کوئٹہ تھری، حلقہ پی بی 27کوئٹہ فور، پی بی 28کوئٹہ فائیو، پی بی29کوئٹہ سکس ، حلقہ پی بی 30کوئٹہ سیون اور پی بی32کوئٹہ نائن شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے 13 اضلاع کی حلقہ بندیوں پر فیصلہ سناتے، مزید 6 اضلاع خاران، گھوٹکی، قصور، شیخوپورہ، بہاولنگر اور ہری پور کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دی تھیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے خانیوال، چنیوٹ، کرم ایجنسی، راجن پور، مانسہرہ ، صوابی، سیالکوٹ، رحیم یار خان، بنوں، جیکب آباد، گوجرانوالہ اور عمر کوٹ کی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔
اس سے قبل عدالت نے 4 اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دی تھیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں حلقہ بندیوں سے متعلق 108 درخواستیں زیر سماعت ہیں۔