سابق صدر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا

پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ان کا پاسپورٹ بھی از خود بلاک ہوگیا ہے، ذرائع— فوٹو: فائل

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سابق صدر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کردیا۔

ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ان کا پاسپورٹ بھی از خود بلاک ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد ہوگئے ہیں جبکہ پرویزمشرف پاکستان میں موجود 10 سے زائد جائیدادوں کی خریدوفروخت سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کے 4 پلاٹس کراچی اور تین جائیدادیں اسلام آباد میں ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویزمشرف کا شناختی کارڈ ن لیگ کی حکومت کی ہدایت پر نہیں بلکہ عدالتی احکامات کے تحت بلاک کیا گیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 13 جون کو طلب کررکھا ہے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی اور اس دوران پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ان کے مؤکل کے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے تاحیات نااہلی کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا کہ آپ کے کیس کو سنیں گے، اپنے مؤکل کو کہیں 13 جون کو لاہور آجائیں۔

شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے کے بعد اب پرویز مشرف پاکستان تک سفر کیسے کریں گے یہ واضح نہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس بھی زیرسماعت ہے جس میں خصوصی عدالت نے ان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم دے رکھا ہے۔

مزید خبریں :