22 جون ، 2018
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی جانب سے زعیم قادری کے حلقے سے ایاز صادق کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں حمزہ شہباز سمیت لاہور کے دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں لاہور میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور زعیم قادری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ زعیم قادری کے حلقے این اے 133 سے ایاز صادق کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان ہے جب کہ پرویز ملک نے این اے 125 سے الیکشن لڑنے کی شرط عائد کی ہے جس کے باعث سابق صوبائی وزیر بلال یاسین کو اس حلقے سے ٹکٹ نہ ملنے کا امکان ہے۔
سابق صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا ہےکہ لندن جانے سے قبل نوازشریف اور مریم نواز سے تفصیلی بات ہوئی تھی، مریم نواز کے لندن جانے سے قبل ان کے این اے 125 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ ہوا تھا، لیکن اب قومی نہیں صوبائی اسمبلی کی نشست سے امیدوار ہوں۔
ذرائع کےمطابق کلثوم نواز کے حلقے این اے 125 سے ملک پرویز کو ٹکٹ دینے پر غور کیا جارہا ہے اور اس صورت میں مریم نواز این اے 127 سے الیکشن لڑیں گی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ مسلم لیگ (ن) نے این اے 129 میں پی ٹی آئی امیدوار علیم خان کے مدمقابل سہیل شوکت بٹ کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف لندن سے لاہور واپس پہنچے جہاں میڈیا نمائندوں نے ان سے زعیم قادری سے متعلق سوالات کیے جس پر وہ جواب دیئے بغیر چلے گئے۔