شاہ رخ خان نے کینسر سے لڑتے عرفان خان کی کیسے مدد کی؟

شاہ رخ خان اداکار عرفان خان کے انتہائی قریبی دوست تصور کیے جاتے ہیں— فوٹو: فائل

لندن کے ایک اسپتال میں کینسر سے لڑتے عرفان خان کی ان کے قریبی دوست اور اداکار شاہ رخ خان خاموشی سے مدد کر رہے ہیں۔

عرفان خان 3 ماہ سے لندن میں نیورو اینڈو کرائن کینسر سے لڑ رہے ہیں اور گزشتہ دنوں انہوں نے بھارتی صحافی کو اپنی بیماری کے حوالے سے جذباتی خط تحریر کیا تھا۔

بالی وڈ اداکار کے لیے دنیا بھر سے ان کے مداح دعائیں کررہے ہیں اور ان کی صحتیابی کے لیے کافی پر امید بھی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان علاج کے لیے لندن روانگی سے پہلے قریبی دوست شاہ رخ خان سے ملاقات کے خواہشمند تھے جس پر ان کی اہلیہ نے کنگ خان سے رابطہ کیا۔

شاہ رخ خان عرفان کے مڈھ آئی لینڈ گھر کے قریب ہی محبوب اسٹوڈیو میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور جیسے ہی انہیں دوست کی خواہش کا علم ہوا تو وہ فلم کی شوٹنگ روک کر ملاقات کے لیے عرفان کے گھر پہنچے اور 2 گھنٹے سے زائد وقت ان کے ساتھ گزارا۔

کنگ خان نے اس موقع پر عرفان خان کو لندن میں اپنے گھر کی چابی دی تاکہ وہ سکون سے وہاں علاج کراسکیں اور انہیں وہاں گھر والا ماحول میسر ہو تاہم وراسٹائل اداکار چابی لینے سے انکار کرتے رہے لیکن شاہ رخ نے انہیں لندن والے گھر میں رہنے کے لیے قائل کر لیا۔

عرفان خان اپنے دوست کی اس محبت پر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ بھی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :