29 جون ، 2018
کراچی: ڈیفینس سے 8 مئی کو اغوا ہونے والا تاجر باحفاظت بازیاب کروالیا گیا۔
ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسفزئی، چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب اور ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل عرفان بہادر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح گڈاپ سٹی میں کارروائی کرکے معروف بلڈر اور مغوی لطیف سورٹھیا کو باحفاظت بازیاب کروالیا۔
پولیس افسران کے مطابق اغواء کار جمیل احمد عرف عبدالقادر عرف بابا ابڑو کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا جب کہ مغوی کو جس وقت بازیاب کروایا گیا تو اس وقت وہ زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے۔
ایس ایس پی اے وی سی سی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ڈیفینس سے تاجر کے اغوا میں ملوث ملزم پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے، گرفتار ملزم قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتیوں میں سزا یافتہ بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم ایک منظم گروہ کے ساتھ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کررہا ہے جن کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اغواء کا ایک ہی کیس باقی تھا جو حل کرلیا گیا ہے جب کہ 2015 میں اے سی ایل سی نے ایک تجویز دی تھی کہ جدید خطوط پر شہر بھر کی گاڑیوں کےلیے خصوصی نمبر پلیٹس کا اجرا کیا جائے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق شہر میں لگے کیمروں میں بھی ایک خصوصی سافٹ ویئر انسٹال کیا جائے جس سے فوری جعلی نمبر پلیٹ کی نشاندہی کی جائے، اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز سے بھی بات کی گئی تھی۔