30 جون ، 2018
پاکپتن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مزار کے اندر عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے لیے پھولوں کی پتیاں بچھائیں گئیں۔
اس کام میں پی ٹی آئی چیئرمین کی اہلیہ نے بھی حصہ لیا اور فرش کو تقریباً مکمل طور پر پھولوں کی پتیوں سے ڈھک دیا گیا۔
جس کے بعد عمران خان اور ان کی اہلیہ نے ایک ساتھ مل کر جھک کر دعا بھی کی۔
اس سے قبل عمران خان کی اہلیہ کے ہمراہ دربار پر حاضری کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں دیکھا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور ان کی اہلیہ درگاہ میں داخل ہونے سے پہلے دہلیز پر جھکے، دو زانو ہوکر زمین پر ماتھا ٹیکا اور پھر درگاہ میں داخل ہوئے۔
اس حوالے سے ہونے والی تنقید کے بعد عمران خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے بابا فرید شکر گنج کے مزار پر سجدہ نہیں کیا تھا، بلکہ ان کی عقیدت کی وجہ سے بوسہ دیا تھا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سجدہ صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتا ہے، مجھے ایک طرف طالبان خان اور دوسری طرف عقیدت سے بوسہ دینے پر بھی کافر کہا جا رہا ہے۔