Time 18 جولائی ، 2018
پاکستان

سندھ کی نگران حکومت کے تبادلے و تقرریاں مذاق بن گئے

سندھ کی نگران حکومت کے تبادلے و تقرریاں مذاق بن گئے۔ آئی جی جیل خانہ جات، ڈی آئی جی جیلز کراچی اور 8جیل سپریٹنڈنٹس کے تبادلوں کے دو دن میں تین نوٹی فیکیشن جاری ہوئے جن میں سے ایک تعیناتی دوسرا اس کو روکنے اور تیسرا دوسرے والے نوٹی فیکیشن کو روکنے کے لیے جاری ہوا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہر کو تمام تبادلوں پر عملدرآمد کو محکمہ داخلہ نے روک دیا۔

اس سے قبل نئے آئی جی جیل خانہ جات عمران یعقوب منہاس کے چارج لینے کے بعد انوکھا واقعہ ہوا تھا۔

عمران یعقوب منہاس نے آئی جی جیل خانہ جات کا چارج گزشتہ روز صبح سنبھالا اور آئی جی جیل دفتر میں ملاقاتیں بھی کیں۔

اسی دوران کام سے روکے جانے پر انہوں نے کام چھوڑا، ڈی آئی جی جیلز تعینات کیے گئے ناصر آفتاب نے ابھی چارج نہیں سنبھالا تھا۔

ابھی یہ تذبذب بھی ختم نہیں ہوا کہ گزشتہ شب ایک بار پھر سروسز اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہوا کہ نئے تعینات افسران اپنے کام کو جاری رکھیں اور جنھوں نے چارج نہیں لیا وہ چارج بھی لے لیں۔

اس مذاق کے بعد نئے تعینات افسران نے ایک بار پھر کام شروع کردیا ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ جیل کے تبدیل افسران طاقت ور تصور کیے جاتے ہیں خاص طور پر سابقہ آئی جی نصرت منگن۔

دوسری جانب یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان کے کسی دوسرے صوبے مں جیل خانہ جات کے افسران کے تبادلے اور تقرریاں نہیں کی گئیں۔

مزید خبریں :