دنیا
Time 19 جولائی ، 2018

ٹرمپ نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کا ذمہ دار پیوٹن کو قرار دے دیا

جس طرح میں امریکا میں ہونے والی تمام کارروائیوں کا ذمے دار ہوں اسی طرح صدر پیوٹن ذمے دار ہیں، امریکی صدر۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کا ذمے دار روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جیسے میں امریکا میں ہونے والی تمام کارروائیوں کا ذمے دار ہوں اسی طرح صدر پیوٹن روس میں ہونے والی کارروائیوں کے ذمے دار ہیں۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس امریکا میں وسط مدتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کر رہا تاہم بحیثیت ملکی سربراہ روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کو 2016 کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں دونوں ممالک کے صدور نے فِن لینڈ میں ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تحقیقاتی اداروں کی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تفتیش کی مذمت کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ واپس امریکا پہنچے تو انہوں نے اپنا بیان بدلتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر بھرپور اعتماد ہے اور روس نے صدارتی انتخاب میں مداخلت کی تھی ، ان سے غلطی ہو گئی اور اس کے بر عکس بیان دیا۔

اسی طرح جب رپورٹر نے ان سے سوال کیا کہ روس اب بھی امریکا کو نشانہ بنا رہا ہے جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا 'no' یعنی نہیں جس کے بعد وائٹ ہاؤس کی ترجمان کو صدر کے انکار کی وضاحت کرنا پڑی۔ 

ترجمان وائٹ ہاؤس سارہ سینڈر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے صحافی کے سوال لینے سے انکار کرتے ہوئے 'no'  کہا اس کا ہرگز مطلب روسی مداخلت سے انکار نہیں تھا۔

مزید خبریں :