کھیل
04 فروری ، 2012

دبئی ٹیسٹ: یونس اور اظہر کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان کو 180 رنز کی برتری

دبئی ٹیسٹ: یونس اور اظہر کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان کو 180 رنز کی برتری

دبئی … یونس خان اور اظہر علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو دوسری اننگز میں انگلینڈ کے خلاف 180 رنز کی برتری حاصل ہوگئی اور اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں، یونس خان 115 اور اظہر علی 75 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 28 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم یونس خان اور اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 2 وکٹ پر 222 رنز تک پہنچا کر مجموعی برتری 180 رنز کردی، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں یونس خان پہلی شاندار سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے، وہ 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 115 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، دوسری طرف وکٹ سنبھالے اظہر علی بھی تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے، دونوں نے تیسری وکٹ کے لئے 194 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب توفیق عمر محض 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں پہلی اننگز کی طرح اس بار بھی جیمز اینڈرسن نے آوٴٹ کیا۔ 21 رنز بنانے والے محمد حفیظ 28 کے مجموعی اسکور پر مونٹی پنیسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 141 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ آج سب سے پہلے عبد الرحمن نے اینڈرسن کا شکار کیا اور انہیں 4 رنز کے بعد ہی پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے بعد براڈ بھی 4 رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے ۔ کپتان اسٹراس 56رنز بنا کر عبد الرحمن کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئے جن کے بعد آخری کھلاڑی گریم سوان 16رنز بناکر سعید اجمل کا شکار ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بولر عبد الرحمن ثابت ہوئے جنہوں نے 40رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، سعید اجمل بھی 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

مزید خبریں :