20 جولائی ، 2018
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار کی دھماکا خیزاد مواد رکھنے کے کیس میں بھی ضمانت منظور کرلی۔
نقیب اللہ ماورائے عدالت قتل کیس کےمرکزی ملزم راؤ انوار کی اس سے قبل نقیب اللہ قتل کیس میں عدالت نے ضمانت منظور کی تھی اور 10 لاکھ روپے زرضمانت کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا لیکن غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمے میں ضمانت نہ ہونے کے باعث انہیں رہائی نہیں مل سکی تھی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں راؤ انوار کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی اور عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے راؤ انوار کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جس پر انہوں نے مچلکے جمع بھی کرادیئے ہیں۔
ملزم کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد جلد ہی رہائی کا حکم جاری ہونے کا امکان ہے۔
نقیب اللہ قتل کیس
13 جنوری کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔
بعدازاں 27 سالہ نوجوان نقیب محسود کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصاویر اور فنکارانہ مصروفیات کے باعث سوشل میڈیا پر خوب لے دے ہوئی اور پاکستانی میڈیا نے بھی اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس معاملے پر آواز اٹھائی اور وزیر داخلہ سندھ کو انکوائری کا حکم دیا۔
نقیب اللہ کے والد خان محمد نے واقعے کا مقدمہ درج کرایا تھا جس میں راؤ انوار کو نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کرکے راؤ انوار کے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیاتھااور نقیب اللہ کو بے گناہ قرار دے کر پولیس افسر کی گرفتاری کی سفارش کی تھی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ابتدائی رپورٹ میں راؤ انوار کو معطل کرنے کی سفارش کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا کر نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا، جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر از خود نوٹس لیا گیا تھا۔
ملزم راؤ انوار کچھ عرصے تک روپوش رہے تاہم 21 مارچ کو وہ اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جہاں عدالت نے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔