Time 04 اگست ، 2018
پاکستان

چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے جانے والی پرواز پھر منسوخ

شاہین ایئرلائنز نے 29 جولائی کو گوانگ زو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی جس کے بعد ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے پولیس نے بعض افراد کو حراست میں لے لیا تھا—فائل فوٹو۔

چین کے شہر گوانگ زو میں پھنسے مسافروں کو لانے کے لیے پرواز ایک بار پھر منسوخ کر دی گئی جس کے بعد ان کو ہوٹل واپس جانے کی ہدایت کردی گئی۔

ترجمان شاہین ایئرلائن نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارہ بھجوانے کے لیے انتظامات نہیں کیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی مسافروں کو چارٹر فلائٹ سے واپس لانے کے اخراجات شاہین ایئرخود دے گی۔

ترجمان نے کہا کہ سول ایوی ایشن نے عین وقت پر جہاز کی اہلیت پرسوال اٹھایا جو ان کے منفی ارادوں کو ظاہرکرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس بارے میں معزز عدالت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق شاہین ایئر کے طیارے کو ٹھیک نہ ہونے پر پرواز کی اجازت نہیں دی، درست طیارہ بھیجنے کی صورت میں پرواز کی اجازت برقرار ہے۔

یاد رہے کہ شاہین ایئرلائنز نے 29 جولائی کو گوانگ زو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی جس کے بعد ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے پولیس نے بعض افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے معاملے پر ازخود نوٹس لیا تھا جس کی آج سماعت بھی ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے جہاز کی اڑان کی حالت سے متعلق رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں دینے کا حکم دیا۔

اس موقع پر شاہین ایئر کے ریجنل ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ لاہور سے گوانگ زو کے لیے صرف شاہین ایئر لائنز کی پروازیں جاتی ہیں جب کہ 29 جولائی کو گوانگ زو میں سعودی ایئر لائنز کے علاوہ تمام پروازیں معطل کردی گئی تھیں۔

مزید خبریں :