پیپلز پارٹی کا وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ


پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت نے اپنی سیاسی تاریخ میں پہلی بار قائد ایوان کے الیکشن میں لاتعلق رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرے گی تاہم انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

پیپلز پارٹی عمران خان اور شہباز شریف کو بھی وزیر اعظم کا ووٹ نہیں دے گی۔

ن لیگ کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا فیصلہ

مسلم لیگ ن نے بھی وزیراعظم کے نام پر اختلافات کے باعث سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپنی جماعت کا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ن لیگ نے مختلف جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جے یو آئی ایف سے رابطہ کر لیا ہے۔

اس وقت پیپلز پارٹی کی شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔

مزید خبریں :