Time 19 اگست ، 2018
پاکستان

پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے لیے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کردیا


اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت نے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا۔ 

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدرارتی امیدوار نامزد کردیا جب کہ ان کے لیے لابنگ کرنے کے لیے خورشید شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنادی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ، رضا ربانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، نوید قمر اور چوہدری منظور پر مشتمل کمیٹی مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادیوں سے رابطہ کرے گی۔ 

آصف زرداری سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے ملاقات بھی ملاقات کی، اس موقع پر مشاورت بھی کی گئی جب کہ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار کو متفقہ صدارتی امیدوار بنانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

اعتزاز احسن کو کوئی قبول نہیں کرے گا، مشاہد اللہ

مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کو کوئی قبول نہیں کرے گا، اُن کا نام اسی لیے لیا گیا ہے کہ ن لیگ اُسے قبول نہ کرے۔

مشاہد اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اکثریت ہی نہیں ہے ، امیدوار کا اعلان کرنے کا مطلب تحریک انصاف کو سپورٹ کرنا ہے، ہم صدارتی الیکشن جیت سکتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی یہ سب کرکے پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی ہے۔

ہمارا امیدوار حتمی نہیں، خورشید شاہ

ن لیگ کے اعتراض پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں خورشید شاہ بولے کہ ن لیگ سےکہا ہے ہمارا امیدوار حتمی نہیں، مشاورت میں ہم اپنے امیدوار کا نام رکھیں گے، حتمی فیصلہ وہی ہوگا جو اپوزیشن اتحاد کا ہوگا۔

یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی 8 ستمبر کو عہدہ صدارت پر مدت پوری ہورہی ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔

امیدوار 30 اگست کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔

مزید خبریں :