24 اگست ، 2018
کراچی: پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے صحافی ولی بابر کے قتل کیس میں گواہ کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے پاک کالونی میں کارروائی کر کے جیو نیوز کے صحافی ولی بابر کے قتل کے گواہ علی حیدر کے قتل میں ملوث ملزم شاہ فیصل کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے ایم کیو ایم لندن کی جانب سے 2011 میں علی حیدر کو قتل کرنے کی ہدایت ملی اور اسلحہ بھی فراہم کیا گیا۔
گرفتار ملزم نے بتایا کہ اس نے 5 ساتھیوں کے ساتھ مل کر علی حیدر کو قتل کیا اور پھر فرار ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ جیو نیوز سے وابستہ صحافی ولی بابر کو 13 جنوری 2011 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
اس واردات میں ملزم لیاقت علی کی گاڑی بھی استعمال ہوئی تھی۔ پولیس کے جس ہیڈ کانسٹیبل نے واردت میں ملوث ملزمان کی گاڑی کی مبینہ طور پر نشاندہی کی اسے بھی 31 جنوری کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔