پاکستان
Time 07 ستمبر ، 2018

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا قلمدان تبدیل کردیا گیا

طارق بشیر چیمہ— فوٹو: فائل

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا قلمدان تبدیل کردیا گیا۔

وفاقی وزیر سیفران طارق بشیر چیمہ کی وزارت تبدیل کرکے اب انہیں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔

طارق بشیر چیمہ کی وزارت کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزارت سیفران دینے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ان کا قلمدان تبدیل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جب کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

کابینہ ڈویژن کے ٹونیٹیفکیشن کے مطابق فروغ نسیم وزارت قانون و انصاف، اسد عمر وزیر خزانہ، پرویز خٹک وزیر دفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ ، شیخ رشید احمد وزیر ریلوے ، فواد چوہدری وزیر اطلاعات اور غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر ہیں۔

اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، خسرو بختیار کو پلاننگ اینڈ ریفارمز اور عامر محمود کیانی کو نیشنل ہیلتھ سروسز کا قلمدان دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :