Time 12 ستمبر ، 2018
پاکستان

کلثوم نواز کی وفات: نوازشریف کی طبیعت خراب، تعزیتی ملاقاتیں روک دی گئیں


لاہور: بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کے لیے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی آمد اور تعزیت جاری ہے جب کہ نوازشریف کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان سے تعزیت کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا۔

کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کے گزشتہ روز لندن میں انتقال کے بعد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا، جس کے بعد وہ خصوصی طیارے میں گزشتہ رات لاہور پہنچے اور اب اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں موجود ہیں۔

اس موقع پر جاتی امراء کی سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ ٹریفک کی روانی کے لیے وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

نواز شریف سے تعزیت کے لیے سینیٹر آصف کرمانی، سینیٹر ڈاکٹر غوث نیازی اور دیگر لیگی رہنما جاتی امرا آئے۔

نوازشریف کی طبعیت خراب

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کی طبیعت خراب ہوگئی ہے جس کے باعث تعزیت کے لیے آنے والے افراد ان سے نہیں مل سکیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں سے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور آصف کرمانی ملاقات کررہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن)کا کہنا ہےکہ میاں نوازشریف کل 13 ستمبر  کو سہ پہر 4 سے 6 بجے تک تعزیت کے لیے آنے والوں سے جاتی امرا میں ملاقات کریں گے۔

مزید خبریں :