Time 12 ستمبر ، 2018
پاکستان

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعے کو جاتی امرا میں ادا کی جائے گی

کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل 16ستمبر کو عصر تا مغرب جاتی امراء میں ہو گی، ترجمان ن لیگ۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعے کی شام جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ 14 ستمبر 2018 بروز جمعہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی، جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔

ترجمان ن لیگ کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل مورخہ 16ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہو گی۔

خیال رہے کہ کئی ماہ سے کینسر کے عارضے میں مبتلا سابق خاتون اول گزشتہ روز لندن میں 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

بیگم کلثوم نواز کی تدفین اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی ہے جب کہ شہباز شریف کلثوم نواز کی میت کو لینے کے لیے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :