13 ستمبر ، 2018
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کو انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں بیٹے کی شمولیت کے حوالے سے اقربا پروری کے الزامات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گزشتہ روز سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی تھی کہ انہیں پاکستان جونیئر سلیکشن ٹیم کے سربراہ باسط علی نے فون پر بتایا کہ انضمام الحق اپنے بیٹے ابتسام الحق کو انڈر 19 ٹیم میں شامل نہ کرنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب باسط علی کا کہنا ہے کہ انہیں انضمام الحق کی جانب سے اس طرح کا کوئی ٹیلی فون نہیں آیا۔
اس بیان کے سامنے آنے کے بعد انضمام الحق نے اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر یہ الزام ثابت ہو گیا تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیں گے اور اگر مجھ پر اقربا پروری کا الزام ثابت نہ ہوا تو جو کرکٹر ان پر الزام لگا رہا ہے وہ بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائے گا۔
الزامات اور سوشل میڈیا اور میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد آج چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اس معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔