Time 25 ستمبر ، 2018
پاکستان

امل قتل کیس میں اہم پیشرفت، پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے والا ملزم گرفتار

ملزم خالد رکشہ ڈرائیور اور ہجرت کالونی کا رہائشی ہے—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: گزشتہ ماہ مبینہ پولیس مقابلے میں 10 سالہ بچی امل عمر کے قتل کیس میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے اور واقعے کے روز مقابلے کے بعد فرار ہونے والے ملزم خالد کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی پولیس چیف امیر شیخ کے مطابق آرٹلری میدان تھانے کی پولیس نے ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا، جو رکشہ ڈرائیور اور ہجرت کالونی کا رہائشی ہے۔

امیر شیخ کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، رکشہ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا۔

کراچی پولیس چیف نے مزید بتایا کہ ملزم خالد کا ساتھی شہزاد 13 اگست کو پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا، جبکہ اس نے مزید 7 وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق ملزم خالد نے پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ واقعے کے روز انہوں نے 3 وارداتیں کی تھیں اور وہ یہ وارداتیں رکشے میں کیا کرتے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی۔

رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ امل کی موت پولیس اہلکار کی گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی، جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

آج امل قتل کیس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پولیس ٹریننگ اور قواعد میں ضروری ترامیم، پرائیویٹ اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج اور واقعے کے ذمہ داران کے تعین کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی ہے۔

مزید خبریں :