26 ستمبر ، 2018
قومی سلیکشن کمیٹی نے کپتان و وکٹ کیپر سرفراز احمد کی موجودگی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے محمد رضوان کو ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے بعد کپتان سرفراز احمد پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مسلسل ہونے والی تنقید کے بعد قومی سلیکشن بھی دباؤ میں نظر آرہی ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق دبئی پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ٹیم سلیکشن پر مشاورت کی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں سلیکٹرز نے سرفرازاحمد کے ساتھ ریزرو وکٹ کیپر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں کامران اکمل اور کراچی کے محمد حسن کی غیر معمولی کارکردگی کے باوجود ٹیم میں محمد رضوان کو ریزرو وکٹ کیپر کے طور سرفراز احمد کے ساتھ ٹیم میں شامل کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کو سلیکشن کمیٹی نے بتایا ہے کہ سرفراز احمد پر سے بوجھ کم کرنے کیلئے رضوان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا کیوں کہ سرفراز احمد ایشیا کپ کے سارے میچ کھیلیں گے۔ اگر وہ تھک جاتے ہیں اور فٹسن کے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں تو ایک اضافی وکٹ کیپر ٹیم کا حصہ ہوگا۔
2016 کے انگلینڈ کے دورے میں محمد رضوان ٹیم کا حصہ تھے اس کے بعد سے وہ کسی ٹیسٹ سیریز میں سرفراز احمد کے ساتھ ریزرو وکٹ کیپر نہیں رہے۔
ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں میں کامران اکمل بھی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان پاکستان اے کے ساتھ چار روزہ میچ کھیلنے دبئی پہنچ رہے ہیں۔ چار روزہ میچ کے بعد انہیں ٹیسٹ سیریز کے لیے دبئی میں روک لیا جائے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم میں شامل محمد عامر ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ ہوں گے حالانکہ محمد عامر ٹورنامنٹ میں مسلسل مشکلات سے دوچار رہے ہیں۔
پاکستانی اوپنرز میں اظہر علی،امام الحق اور فخر زمان ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔