Time 29 ستمبر ، 2018
پاکستان

کراچی میں بچی کے اغواء کا ڈھونگ، ماں گرفتار

عدالت نے حکم دیا کہ بچی فائزہ بھی اپنی ماں کے ساتھ جیل میں رہے گی، جسے جیل میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: مقامی عدالت نے اپنی 8 ماہ کی بچی کے اغوا کا ڈرامہ رچانے والی خاتون کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 12 ستمبر کو کراچی کے علاقے نیپئیر سے ایک 8 ماہ کی بچی فائزہ کی گمشدگی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق بچی کی والدہ کا موقف تھا کہ فائزہ کو کوئی برقع پوش عورت ان کے ہاتھ سے چھین لے کر گئی جبکہ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کی والدہ نے بیان دیا کہ فائزہ کو جنات لے گئے ہیں اور وہ اسے خود واپس کر جائیں گے۔

تاہم بچی کی والدہ نے پولیس کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس نے یہ کہانی خود بنائی ہے۔

اس حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں جاری تھیں، جن کا خاتمہ گزشتہ روز اُس وقت ہوا جب ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بچی کو اس کی والدہ نے اپنی رضامندی سے یوسف گوٹھ کے رہائشی عمران نامی ایک شخص کے حوالے کیا تھا جبکہ پولیس کو تفتیش میں گمراہ کرنے کے لیے جنات جیسی باتیں پھیلائی گئيں۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ماں کا جرم ہے کہ اس نے گھر کے دیگر افراد کو بچی کی حوالگی کے بارے میں نہیں بتایا۔

عدالت نے ملزم عمران کو 3 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا—.جیو نیوز اسکرین گریب

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں آج فائزہ اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران پولیس نے بچی کی والدہ اور ملزم عمران کو پیش کیا اور دونوں کے ریمانڈ کی استدعا کی۔

سماعت کے بعد عدالت نے ملزم عمران کو 3 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب عدالت نے بچی کی والدہ انیسہ کو حقائق چھپانے کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم سنایا۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ بچی فائزہ بھی اپنی ماں کے ساتھ جیل میں رہے گی، جسے جیل میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے بچی اور والدین کے ڈین این اے ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں :