اسلام آباد ایئرپورٹ میں آوارہ کتے داخل، طیارے کے اندرچمگادڑ کی پرواز


نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کی انٹری، سیکیورٹی اہلکاروں کی نظروں میں دھول جھونک کر ایئرپورٹ میں داخل ہوئے، مسافروں کو پریشان کیا اور پھر واپس لوٹ گئے۔

کتے تو اپنی جگہ، حد تو یہ ہے کہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پر چمگادڑ بغیر ٹکٹ سوار ہو گئی، طیارے کے اندر اڑتی پھری تاہم اسے ٹیک آف سے پہلے آف لوڈ کردیا گیا۔

سوال یہ ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر آوارہ کتے کیوں آئے؟ کہاں سے آئے؟ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجرکو عہدے سے ہٹا دیا اور واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم جاری کر دیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ کے کنکورنس ہال میں آوارہ کتوں کے گھومنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر آنے اور میڈیا رپورٹس پر ڈی جی سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ منیجر کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے اور تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔

ایئرپورٹ منیجر اصغر فہیم خٹک نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیتے رہے ہیں تاہم حکام کو ان کے تبادلے کا حق ہے، وہ انکوائری کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔

ادھر ایوی ایشن انڈسٹری کے ماہرین نے کتوں کے ایئرپورٹ پر داخلے کو سیکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر ایئرپورٹ کے انتظامی سربراہ کو ہٹانا ناقابل فہم ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز میں چمگادڑ کی موجودگی کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے بعد چمگادڑ کو نکالنے کے لیے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں تھیں اور بعد میں پرواز تاخیر کے بعد کراچی روا نہ ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :