Time 22 اکتوبر ، 2018
پاکستان

نیب نے نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

نیب کی اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: نیب نے نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کرکے رہائی کا حکم دیا تھا جب کہ نیب کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) نے نوازشریف،مریم اور محمد صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا 19 ستمبر کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہےکہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائیکورٹ نےاپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

نیب کی اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صٖفدرکو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔

نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 13 جولائی کو لندن سے واپسی پر گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔


مزید خبریں :