29 اکتوبر ، 2018
کراچی: بچوں اور بڑوں سب کی پسندیدہ فلم ’’ڈونکی کنگ‘‘ نے باکس آفس پر ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
جیو فلمز کی فلم ’ڈونکی کنگ‘ نے باکس آفس پر ایسا ریکارڈ بنادیا جو ’سنجو‘، ’طیفا‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘ بھی نہیں بناسکے۔
اینیمیٹڈ فلم نے پہلے ویک اینڈ میں پاکستان میں ریلیز ہونے والی تمام اینیمیٹڈ فلموں کا ریکارڈ توڑا اور صرف تین دنوں میں 2 کروڑ 71 لاکھ کا ریکارڈ بزنس کیا۔
پہلے ویک اینڈ کی نسبت دوسرے ویک اینڈ میں زیادہ بزنس تو عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلمیں بھی نہیں کرتی لیکن ’ڈونکی کنگ‘ نے بالی وڈ کے ’رئیس‘، اور ’سلطان‘ کے ریکارڈ بھی پاش پاش کردیئے ہیں۔
فلم نے دوسرے’ویک اینڈ‘ میں 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ریکارڈ کمائی کی جو کہ منفرد ریکارڈ ہے۔
ابھی کروڑوں کی گنتی اور ہاؤس فل نمائش جاری تھی کہ تیسرا ہفتہ بھی آگیا اور وہ ہوا جو ناممکن لگ رہا تھا اور ’ڈونکی کنگ‘ نے تیسرے ویک اینڈ پر 3 کروڑ 81 لاکھ روپے کما کر دوسرے ویک اینڈ سے بھی زیادہ بزنس کرکے ایسا ریکارڈ بنادیا جسے اب توڑنا مشکل ہی نہیں نا ممکن نظر آرہا ہے۔
فلم کسی عید اور اسکول کی چھٹیوں کے بغیر اب تک ملک بھر سے مجموعی طور پر 13 کروڑ سے زائد بزنس کرچکی ہے۔
’ڈونکی کنگ‘ نے یہ منفرد ریکارڈ اس وقت بنایا ہے جب سنیما گھروں میں پاکستانی فلمیں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘، ’پرواز ہے جنون‘ جب کہ بالی وڈ کی ’بازار‘، ’اندھا دھن‘، ’بدھائی ہو‘، ’نمستے انگلینڈ‘، ’استری‘، ’ہیلی کاپٹر ایلا‘، ’فرائیڈے‘ اور ہالی وڈ کی ’دی نن‘، ’وینم‘، ’ہیلووین‘ اور ’ہنٹر کلر‘ جیسی بڑی فلمیں زیر نمائش ہیں۔