30 اکتوبر ، 2018
کراچی: 'مشن پرواز' کے دوران روس کے ایئرپورٹ پر ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر حراست میں لیے گئے پاکستانی فنکار فخر عالم کو نیا ویزہ مل گیا، جس کے بعد وہ اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی وی اداکار فیصل قریشی نے گزشتہ روز فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں فخر عالم کو حراست میں لیے جانے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'مجھے فخرعالم کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے اور انہوں نے اسے ٹوئیٹ کرنے کو کہا ہے۔'
فیصل قریشی کی جانب سے شیئر کیے گئے فخرعالم کے پیغام کے مطابق انہیں ویزہ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے روس کے یوزنو-ساکھالنسک (Yuzhno-Sakhalinsk) ایئرپورٹ پر حراست میں لینے کے بعد واپس جاپان جانے پر مجبور کیا جارہا تھا۔
اپنے پیغام میں فخر عالم نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی، جس کے بعد دفتر خارجہ نے نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کی تھی۔
آج فخر عالم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آگاہ کیا کہ انہوں نے نیا ویزہ حاصل کرلیا ہے اور اب وہ پیٹروپووَسک ایئرپورٹ جانے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
فخرعالم نے مدد کرنے پر حکومتِ پاکستان، روسی حکام اور اپنے دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پاکستانی پرچم کا سفر جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ فخرِ عالم نے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا۔
اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جائیں گے جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔
فخر عالم نے 2015 میں پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا تھا۔ اگر وہ 'مشن پرواز' میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ ہوائی جہاز سے دنیا کے گرد چکر لگانے والے سب سے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔