Time 21 نومبر ، 2018
انٹرٹینمنٹ

بھارتی فلموں کے نامور اداکار الوک ناتھ کیخلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج

بھارتی اداکار الوک ناتھ  فلموں میں بابو جی کے کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہیں۔فوٹو  بشکریہ انڈیا ٹریبیون 

بھارتی پولیس نے بالی وڈ کے نامور اداکار الوک ناتھ کے خلاف پروڈیوسر ونتا نندا کی شکایت کے بعد جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا۔

بھارت میں MeToo#  مہم کے تحت متعدد معروف شخصیات پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تاہم اس حوالے سے بہت کم کیسز رجسٹر ہوئے ہیں۔

جن بڑے ناموں کیخلاف کیس رجسٹر ہوئے ان میں معروف اداکار الوک ناتھ بھی شامل ہیں۔

الوک ناتھ نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے پروڈیوسر ونتا نندا کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کیا تھا اور ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

رواں برس اکتوبر میں بھارت کے مقبول ترین سیرل 'تارا' کی پروڈیوسر اور مصنفہ ونتا نندا کی جانب سے سوشل میڈیا پر الوک ناتھ پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا  تھا۔

ونتا نندا کے بعد الوک ناتھ پر دو مزید اداکاراؤں کی جانب سے بھی الزامات لگائے جا چکے ہیں۔

 بھارتی اداکارہ تنوشری دتا کے اداکار نانا پاٹیکر پر ہراساں کرنے کے الزام کے بعد اب بالی وڈ کے کئی صف اول کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈوسرز الزامات کی زد میں آچکے ہیں۔

ہدایتکار وکاس بہل ،اداکار رجت کپور، گلوکار کیلاش کھیر، کامیڈین ورون گروور، فلم ڈائریکٹر سبھاش کپور، پروڈیوسر ساجد خان اور بھارتی مصنف چیتن بھگت پر بھی ایسے ہی الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔

می ٹو مہم کی حمایت کرتے ہوئے عامر خان نے سبھاش کپور کی فلم 'موگل' جبکہ اکشے کمار نے ساجد خان کی فلم 'ہاؤس فل 4' میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق الوک ناتھ سے قبل اداکارہ تنوشری دتہ کی مدعیت میں نانا پاٹیکر کیخلاف ممبئی میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

اس مقدمے میں اداکار نانا پاٹیکر کے علاوہ دیگر 3 شخصیات بھی نامزد ہیں۔

مزید خبریں :