Time 23 نومبر ، 2018
پاکستان

چینی قونصلیٹ، اورکزئی حملے ملک میں بے امنی پھیلانے کی سازش ہیں: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصلیٹ اور اورکزئی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حملے ملک میں بے امنی پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش ہیں۔

وزیراعظم کا کراچی حملے کی فوری تحقیقات کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا اور اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے پیچھے موجود عناصر اور محرکات کو فوری بے نقاب کیاجانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش ہے، لیکن اس طرح کے واقعات دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سےبلند اور سمندروں سے گہری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعدی کے ساتھ دہشت گرد حملہ ناکام بنایا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کراچی اور اورکزئی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔








دونوں حملے ملک میں بے امنی پھیلانے کی سازش ہے: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر ناکام حملہ ہمارے دورۂ چین میں مثالی تجارتی معاہدوں کاردعمل ہے، حملے کامقصد چینی سرمایہ کاروں کو خوف زدہ کرنا اور سی پیک کے لیےغیریقینی صورت حال پیدا کرنا ہے، قونصل خان پر حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، سیکیورٹی اہلکاروں نےجانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مقاصد ناکام بنائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ دونوں حملے ملک میں بےامنی پھیلانےکی سوچی سمجھی سازش ہیں، دہشت گرد کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، چاہے جو ہو جائے، دہشت گردوں کو شکست فاش دے کر رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سازشیں وہ قوتیں کررہی ہیں جو پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں۔






وزیراعظم کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے سے اطلاع تھی کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جاسکتا ہے، ہمیں اندازہ تھا کچھ نہ کچھ ہوگا، یہ کوئی سرپرائز نہیں تھا، ہمیں معلوم نہ تھا کہ کہاں ہوگا، دہشت گردوں کو باہر سے فیڈ کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دورۂ چین کے دوران جس طرح کے معاہدے ہوئے وہ خفیہ تھے، اس بارے میں بتا نہیں سکتے تھے، دنیا کو اندازہ تھا کہ کتنے اہم معاہدے ہوئے ہیں، پاکستان کو کمزور دیکھنے والوں کو پاک چین معاہدوں کی فکر تھی، اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا عزم ہےکہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیاجائے، ہمارے پاس دنیا کے بہترین انٹیلی جنس ادارے موجودہیں، انسداد دہشت گردی کی کامیاب جنگ انہی خفیہ اداروں نے لڑی، کسی ملک نے دہشت گردی خلاف جنگ میں ایسی کامیابی حاصل نہیں کی۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔

مزید خبریں :