23 نومبر ، 2018
کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملنے پر خاتون اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) سہائی عزیز جائے وقوع پر سب سے پہلے پہنچنے والے پولیس افسران میں شامل تھیں۔
اے ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے چینی قونصلیٹ پر حملے اور فائرنگ کی خبر سنتے ہی فوری طور پر ایکشن لیا اور دہشت گردوں کے خلاف اپنی سربراہی میں کامیاب سیکیورٹی آپریشن مکمل کیا۔
اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والی سہائی عزیز کو دہشت گردوں کے خلاف دیدہ دلیری اور عزم ہمت کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ پولیس کی جانب سے بھی سراہا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق واقعے کے بعد چینی قونصل جنرل کو بریفنگ کے وقت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کھڑے ہوکر سہائی عزیز کو شاباش دی جبکہ آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی انہیں کاندھے پر تھپکی دی۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر آئی جی سندھ نے سہائی عزیز کو داد دیتے ہوئے کہا ’آپ نے بہادری کی ایک نئی مثال قائم کی ہے، یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں‘۔
واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔
سہائی عزیز کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش
آئی جی سندھ کلیم امام کی جانب سے اے ایس پی سہائی عزیز کو شاندار کارکردگی پر قائداعظم پولیس میڈل (کیو پی ایم) دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سہائی عزیز کا نام کیو پی ایم کے لیے باقاعدہ تجویز کیاجا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سہائی عزیز سندھ پولیس کی پہلی خاتون افسر ہیں، جن کا نام کیو پی اے کے لیے تجویز کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ اور ایس پی طارق دھاریجو کو بھی شاباش دی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق تینوں پولیس افسران کے لیے 2، 2 لاکھ روپے نقد اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔